جوہری ڈیل کے لیے یورپی حمایت ناکافی ہے، ایران

275

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے یورپی یونین کے توانائی کے شعبے کے سربراہ میگوئل اریاس کانتے کے ساتھ ملاقات کے بعد کہا ہے کہ ایرانی جوہری ڈیل کو برقرار رکھنے کے لیے یورپی یونین کی حمایت ناکافی دکھائی دیتی ہے۔

ایرانی حکام کے ساتھ دو روزہ ملاقاتوں کے بعد یورپی یونین کے اعلیٰ اہلکار میگوئل اریاس کانتے نے مغربی صحافیوں کو بتایا کہ یونین اس ڈیل کو پورا تحفظ دینے پر کار بند رہے گی اور کسی نئے سمجھوتے پر مذاکرات نہیں شروع کیے جائیں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں مہینے کی آٹھ تاریخ کو یورپی رہنماؤں کی اپیلوں کو نظرانداز کرتے ہوئے ایرانی جوہری ڈیل سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔

اس امریکی اعلان کے بعد کئی یورپی کمپنیوں نے ایران سے اپنا سرمایہ نکالنے کا اشارہ دیا ہے۔ اس حوالے سے ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا، ’’بڑی یورپی کمپنیوں کی طرف سے ایران کے ساتھ تعاون نہ کرنے اور ایران چھوڑنے کا ممکنہ فیصلہ یورپی یونین کے اس وعدے سے مطابقت نہیں رکھتا، جو ہم سے کیا گیا تھا۔‘‘ ایران نے خبردار کر رکھا ہے کہ اگر اس کے مالی مفادات کا خیال نہ رکھا گیا تو وہ دوبارہ سے یورینیم کی افزودگی شروع کر دے گا۔

دوسری جانب یورپی یونین کے اعلیٰ اہلکار میگوئل اریاس کانتے کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ہمارا پیغام بہت واضح ہے کہ یہی جوہری معاہدہ کارآمد ثابت ہوگا۔‘‘

دریں اثناء یورپی یونین کے تین ذرائع نے اس بات کو مسترد کیا ہے کہ یورپی یونین ایران کے ساتھ ایک نئی جوہری ڈیل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ ان ذرائع نے ایسی خبروں کو بھی مسترد کیا ہے کہ جمعے کے روز ویان میں ہونے والی ملاقات کے دوران چند رعایتوں کے بدلے ایران کو مالی امداد فراہم کرنے کی پیش کش کی جائے گی۔

ایک جرمن اخبار کے مطابق برطانیہ، جرمنی، فرانس، چین اور روس کے سفارت کار آئندہ جمعے کے روز آسٹریا کے دارالحکومت میں ملاقات کر رہے ہیں تاکہ ایران کی عالمی جوہری ڈیل کے حوالے سے مستقبل کا لائحہ عمل تیار کیا جا سکے۔

قبل ازیں ایسی خبریں منظر عام پر آئی تھیں کہ ایران کے سامنے ایک نیا معاہدہ رکھا جائے گا، جو سن دو ہزار پندرہ سے ملتا جلتا ہوگا لیکن اس میں امریکی تحفظات کا بھی خیال رکھا جائے گا۔ امریکا ایران کے بیلیسٹک میزائل کے پروگرام کا خاتمہ اور تہران حکومت کا مشرق وسطیٰ میں کردار محدود کرنا چاہتا ہے۔