دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول آمدہ اطلاعات کے مطابق آج بلوچستان کے ضلع پنجگور میں افغان مہاجرین کے خلاف ایک وسیع پیمانے کے کریک ڈاﺅن کا آغاز کردیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں سینکڑوں افغان مہاجرین کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق انہیں حکامِ بالا کی جانب سے احکامات موصول ہوئی ہیں کہ پنجگور میں رہنے والے تمام افغانوں کو گرفتار کیا جائے، ان احکامات کے تحت پولیس نے 100 سے زائد افغان مہاجرین کو گرفتار کرلیا ہے۔
مزید اطلاعات کے مطابق گرفتار افغان مہاجرین میں سے بعض کے پاس کوئٹہ کا شناختی کارڈ ہونے کی وجہ سے انہیں رہا کردیا گیا اور باقی 60 کے قریب افغان مہاجرین کو گرفتار کرکے ضلع تربت منتقل کیا گیا ہے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق ان افغان مہاجرین میں سے بیشتر کا تعلق نان بائیوں سے تھا، جس کی وجہ سے پنجگور کے اکثر تندور بند ہوگئے ہیں۔