بلوچستان: اسسٹنٹ کمشنرز فوج کی وردی پہن کر کام کرینگے

214

بلوچستان حکومت نے بلوچستان سول سروسز کے نئے آفیسران کی ڈی ایم جی طرز پر تربیت کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

نئے آفیسران پہلی بار  فوج سے بھی پندرہ دنوں کی تربیت لیں گے۔

محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے ذرائع کے مطابق پبلک سروس کمیشن سے حال ہی میں اسسٹنٹ کمشنر کا امتحان پاس کرنے والے 6 خواتین سمیت 39 آفیسران پشاور کی سول سروسز اکیڈمی میں اس وقت زیر تربیت ہیں۔

محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کی سفارش پر اکیڈمی میں کورس کا دورانیہ چار ماہ سے بڑھا کر چھ مہینے کردیا گیا ہے جبکہ کورس میں نئے موضوعات بھی شامل کئے گئے ہیں۔

حکومت بلوچستان کی جانب سے زیر تربیت اسسٹنٹ کمشنرز کی ڈی ایم جی طرز پر  فوج سے تربیت کرانے کی درخواست بھی جی ایچ کیو نے قبول کرلی ہے۔

زیر تربیت چھ خواتین سمیت 39 اسسٹنٹ کمشنرز 30اپریل سے 14مئی تک  فوج کی سدرن کمانڈ کے زیر نگرانی پندرہ دنوں کی تربیت لیں گے۔

اس تربیت کے دوران اسسٹنٹ کمشنرز کیپٹن رینک کی وردی پہن کر  مختلف علاقوں میں موجود آرمی یونٹس میں کام کرینگے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں انتظامی معاملات کو فوج اپنے ہاتھوں کنٹرول کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے ۔