جنوبی کوریا : اسپتال میں آتشزدگی، 41 افراد ہلاک

123

جنوبی کوریا کے ایک اسپتال میں آتش زدگی سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 41 ہوگئی ہے جب کہ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

حکام کے مطابق آگ دارالحکومت سول سے 300 کلومیٹر جنوب میں واقع مریانگ شہر کے سیجونگ اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں جمعے کو علی الصباح لگی جس نے نزدیک موجود نرسنگ ہوم کی عمارت کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ کے باعث 70 افراد زخمی بھی ہیں جن میں سے 10 کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

آگ بجھانے والے محکمے کے عملے نے تین گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔ علاقے کے فائر چیف نے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین تاحال نہیں ہوسکا ہے۔

اطلاعات کے مطابق آتش زدگی کے وقت ایمرجنسی کی عمارت اور نرسنگ ہوم میں 200 کے لگ بھگ مریض داخل تھے۔

ایک مقامی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ نرسنگ ہوم میں موجود تمام 94 مریضوں کو آتش زدگی کے بعد بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔

آتش زدگی کے واقعے کے بعد جنوبی کوریا کے صدر مون جائے ان نے ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کی جس میں انہوں نے حکام کو متاثرہ افراد کو ہر ممکن طبی سہولتیں فراہم کرنے کا حکم دیا۔

خبر رساں ادارے یونہاپ کے مطابق آتش زدگی کے واقعے کے بعد جنوبی کوریا کی حکمران جماعت اور حزبِ اختلاف کے رہنما اکٹھے مریانگ گئے جہاں انہوں نے ہلاک ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی عیادت کی۔

ایک ماہ کے عرصے کے دوران جنوبی کوریا میں آتش زدگی کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ اس سے قبل دسمبر کے اختتام پر جیچیون نامی شہر میں ایک آٹھ منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے 29 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔