ہم بلوچستان کی آزادی چاہتے ہیں اور اس کی قیمت ادا کرنے کے لئے تیار ہیں: ڈاکٹر اللہ نظر

860

بلوچ آزادی پسند رہنماء ڈاکٹر اللہ نذر بلوچ نے سوشل میڈیا کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر اپنے تازہ ترین پیغامات میں اپنے رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’پاکستانی فوج کی معاونت سے چلنے والے قاتل دستے کے سربراہ اور داعش کے ہمدرد سردار عزیز کی نیشنل پارٹی میں شمولیت اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ نیشنل پارٹی براہ راست بلوچ نسل کشی میں ملوث ہے۔

انہوں نے ایک اور ٹوئیٹ میں مزید کہا ہے کہ ’’مجھے اپنی بے آب و گیاہ سرزمین اور سرُمئی پہاڑوں سے محبت ہے۔ ہم بلوچستان کی آزادی چاہتے ہیں اور اس کی قیمت ادا کرنے کے لئے تیار ہیں”

انہوں نے پاکستان کے حوالے سے امریکہ پالیسیوں پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ پاکستان کے ساتھ مزید ایک سال کام کرنے کا امریکی عزم امریکہ کے آئین کے معیار اور اس کی روح کیخلاف ہے جو کہ آزادی، انسانی حقوق اور انصاف کی وکالت کرتا ہے۔ جبکہ پاکستان اُن تمام اقدار کی دھجیاں اڑا رہا ہے، جو انسانیت کی تشریح کرتے ہیں۔ پاکستان بلوچستان میں جنگی جرائم میں ملوث ہے اور بلوچ قوم کی نسل کشی کر رہا ہے۔ ہم امریکہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پاکستان کے ساتھ کیے گئے اپنے معاہدے ختم کرے”

جھل مگسی میں خود کش دھماکے پر قوم پرست رہنما نے کہا ہے کہ ’’میں جھل مگسی میں کیے گئے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، جس میں 22 افراد جانبحق اور 60 سے زائد زخمی ہوئے۔ یہ پاکستانی آئی ایس آئی کا ایک شیطانی عمل ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ ’’ پاکستانی فورسز بلوچ قوم کو ختم کرنے کے لئے تمام حربے استعمال کررہے ہیں۔ بلوچوں کو بچانے کے لئے اقوام متحدہ کو بلوچستان میں مداخلت کرنی ہوگی۔‘‘