بلوچستان کے 19 اضلاع میں پولیو مہم آ ج بروز پیر سے شروع ہوگی،
ایمر جنسی آپریشن سینٹر کے کو آرڈینیٹر سید فیصل احمد نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پولیو مہم صوبے کے 19اضلاع کی 401یونین کونسلز میں آج سے شروع ہو رہی ہے ۔ جن اضلاع میں پولیو مہم شروع کی جائیگی ان میں کوئٹہ ،پشین ،قلعہ عبداللہ ،چاغی ،خضدار ،لسبیلہ ،نوشکی ،مستونگ، بارکھان ،جعفر آباد ،قلعہ سیف اللہ ،لورالائی ، ،نصیرآباد،ژوب ، ڈیر ہ بگٹی،جھل مگسی،موسی خیل، کوہلو اور شیرانی کے اضلاع شامل ہیں۔سید فیصل احمد نے کہا ہے کہ پولیو مہم کے دوران18 لاکھ8ہزار438 سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔پولیو مہم کے سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔
مہم میں مجموعی طورپر 6761ٹیمیں شامل ہونگی جن میں 5934موبائل ٹیمیں، 332 ٹرانزٹ پوائنٹس اور 495فکسڈ سائٹس ہونگی ۔سید فیصل احمد نے کہا ہے کہ مہم کے حوالے سے سیکورٹی کے انتظامات بھی کرلئے گئے ہیں ۔مہم کے دوران تمام عملے کو فول پروف سیکورٹی دی جائیگی جس پربلوچستان لیویز، پولیس اور ایف سی کے جوان تعینا ت ہونگے ۔
پولیو وائرس ہمارے ماحول میں موجود ہے اوران بچوں کو اپنا نشانہ بناسکتا ہے جو پولیوسے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم رہ جاتے ہیں۔ لہذاٰ یہ والدین کی ذمہ داری ہے کہ پولیو سے بچاؤ کی مہم کے دوران پولیو ورکروں سے بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو ویکسین ضرور پلوائیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کی جانب سے پولیو مہم میں معاونت اور اس ضمن میں اقدامات اطمینان بخش ہیں اور حکومت کی جانب سے تمام ضروری سہولیات فراہم کردی گئی ہیں ۔سید فیصل احمد نے کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی میں والدین کا کردار اتنہائی اہم ہے ۔اس کے علاوہ معاشرے کے تمام طبقات بلخصوص علماء کرام اور سول سوسائٹی کا کردار اہم ہے مہم میں بلدیاتی نمائندوں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں ۔
سید فیصل احمد نے کہاکہ مہم کی کامیابی کیلئے معاشرے کے تمام طبقوں سمیت میڈیا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مہم کی کامیابی میں کردار ادا کریں