کوہلی نےسچن ٹنڈولکر کو عالمی ریکارڈ سے محروم کردیا

198

ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو موجودہ عہد کا سب سے بہترین بلے باز تصور کیا جاتا ہے اور تسلسل کے ساتھ کارکردگی دکھانے کیلئے مشہور بھارتی بلے باز نے ہر موقع پر اس کو درست ثابت کیا۔

اپنی شاندار فارم اور فٹنس کی بدولت کوہلی ہر گزرتے دن کے ساتھ نت نئے ریکارڈ قائم کرتے جا رہے ہیں اور اب انہوں نے سابق عظیم بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کو عالمی ریکارڈ سے محروم کردیا۔

رواں سال جنوری میں کوہلی نے ہدف کے کامیابی سے تعاقب کے دوران بنائی گئی سنچریوں کا ریکارڈ ٹنڈولکر سے چھین لیا تھا اور اب انہوں نے ہدف کے تعاقب میں مجموعی طور پر بنائی گئی سنچریوں کا ریکارڈ بھی ٹنڈولکر سے چھین لیا ہے۔

ٹنڈولکر نے ون ڈے کیریئر کے دوران 49 سنچریاں بنائیں جس میں سے 17 سنچریاں انہوں نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بنائیں جو ایک عالمی ریکارڈ تھا لیکن اب کوہلی نے ان سے یہ ریکارڈ چھین لیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں ویرات کوہلی نے فتح گر سنچری اسکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو سیریز میں بھی کامیابی سے ہمکنار کرا دیا اور اس کے ساتھ ہی نیا عالمی ریکارڈ بھی بنا دیا۔

کوہلی کی یہ سنچری ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 18ویں سنچری تھی جو ایک عالمی ریکارڈ ہے جو اس سے قبل ٹنڈولکر کے پاس تھا جبکہ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر تلکارتنے دلشان ہیں جنہوں نے 11 سنچریاں اسکور کیں۔

کوہلی اس معاملے میں ٹنڈولکر سے اس لحاظ سے ممتاز نظر آتے ہیں کہ انہوں نے 18 سنچریاں اسکور کرنے کیلئے محض 102 اننگز کھیلیں جبکہ ٹنڈولکر کو 17 سنچریوں کا کارنامہ انجام دینے کیلئے 232 انگز کھیلنی پڑیں۔