بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا کہ ہمارے سرمچاروں نے قلات، زامران اور کولواہ میں تین مختلف حملوں میں قابض پاکستانی فوج کو نشانہ بنایا۔ حملوں میں ایک دشمن اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔
ترجمان نے کہا کہ بی ایل اے کے سرمچاروں نے گذشتہ شب قلات کے علاقے منگچر میں قابض پاکستانی فوج کے مرکزی کیمپ کے حفاظتی چوکی پر گرنیڈ لانچر سے متعدد گولے داغے جس کے نتیجے میں چوکی پر موجود دو دشمن اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ کیمپ کے اندر گولے لگنے سے دشمن کو مزید جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ بی ایل اے کے سرمچاروں نے قابض فوج پر دوسرا حملہ زامران میں کیا۔ آرچنان کوْر کے مقام پر قائم پوسٹ پر تعینات اہلکار کو بی ایل اے اسنائپر شوٹر نے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہلاک ہوگیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دریں اثناء کیچ میں کولواہ کے علاقے ڈنڈار میں آشال کے مقام پر قابض پاکستانی فوج کے کیمپ کو نشانہ بنایا گیا، سرمچاروں نے کیمپ پر گرنیڈ لانچر سے متعدد گولے داغے جس کے نتیجے میں کم از کم تین دشمن اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ دشمن فوج کو مالی نقصانات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
آخر میں ترجمان نے کہا کہ بلوچ لبریشن آرمی مذکورہ تینوں حملوں کی ذمہ داری قبول کرتی ہے۔ قابض فوج کے مکمل انخلاء تک ہماری کارروائیاں جاری رہیں گی۔