تربت یونیورسٹی: طلباء کا احتجاج، انتظامیہ کا جامعہ بند رکھنے کا اعلان

195

رزلٹ روکنے کیخلاف طلباء تربت یونیورسٹی کے مرکز گیٹ پر دو روز سے دھرنا دیے ہوئے ہیں-

گذشتہ دنوں جامعہ انتظامیہ کی جانب سے مبینہ طور پر یونیورسٹی کی ڈسپلن کی پاسداری نہ کرنے کے الزام میں بی ایس کے چند طلباء کے رزلٹ کو روک دیا تھا، طلبہ نے جامعہ انتظامیہ کی الزامات مسترد کرکے فیصلے کیخلاف احتجاج شروع کردیا ہے-

اس دؤران بیچلر آف سائنس کی ساتویں سیمسٹر کے طلباء و طالبات نے احتجاجاً اپنے کلاسز کا بھی بائیکاٹ کردیا ہے-

طلباء مظاہرین نے جامعہ انتظامیہ پر الزام عائد کیا ہے کہ طلباء کو انتظامیہ کے خلاف احتجاج پر رزلٹ روک کر انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، طلباء کا مطالبہ ہے کہ جن طالب علموں کا رزلٹ روکا گیا ہے انھیں جلد از جلد جاری کیا جائے-

دوسری جانب تربت یونیورسٹی نے طلباء کے احتجاج کو نظر انداز کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ناگزیر حالات کے پیش نظر تربت یونیورسٹی 5 مئی 2023 سے اگلے احکامات تک بند رہے گی جبکہ اس دؤران یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے تمام ہاسٹل بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے-

طلباء نے انتظامیہ کی جانب سے جامعہ رکھنے کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئے کہا انتظامیہ طلباء کے مسائل حل کرنے کے بجائے راہ فرار اختیار کررہا ہے- البتہ طلباء اپنے مطالبات کی منظوری اور رزلٹ کی بحالی تک احتجاج جاری رکھینگے-