میونسپل کارپوریشن حب کے ملازمین کی تنخواہیں ادا نہ ہوسکی

184

تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر میونسپل کارپوریشن حب کے ملازمین سراپا احتجاج بن گئے۔ دفتر کو تالے لگا کر کام چھوڑ ہڑتال کا اعلان کردیا گیا ،مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو احتجاج کو وسعت دی جائے گی۔

وفاقی و صوبائی حکومت کی جانب سے عید الفطر سے قبل 17اپریل کو سرکاری ملازمین کو تنخواہیں جاری کر نے کے اعلان و نوٹیفکیشن کے باوجود میونسپل کارپوریشن حب کے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاجاً دفتر کی تالہ بندی اور کام چھوڑ کر تنخواہوں کی ادائیگی کےلئے سوک سینٹر کے سامنے احتجاج کیا۔

اس موقع پر میونسپل کارپوریشن حب کے احتجاجی ملازمین سے عبدالمجید بلوچ اور عبدالوہاب نے خطاب و میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومت نے تمام سرکاری ملازمین کو عید الفطر سے قبل 17اپریل 2023ء کو تنخواہیں جاری کرنے کا اعلان کیا اور بعدازاں اسکی نوٹیفکیشن جاری ہوئی اور دیگر تمام سرکاری محکموں کو عید الفطر کی تنخواہیں جاری ہوئی لیکن بد قسمتی سے میونسپل کارپوریشن حب کے ملازمین کو تاحال تنخواہیں ادا نہیں کی جارہی اور نہ ہی انہیں الاﺅنس دیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر تنخواہیں نہ ملنے پر بلدیہ حب کے ملازمین اور انکے بچے عید کی خوشیوں سے محروم ہو نگے۔ بلوچستان کے دیگر سرکاری محکموں کے ملازمین کو تنخواہیں جاری ہو چکے ہیں تو میونسپل کارپوریشن حب کے ملاز مین کو تنخواہیں ادا کیوں نہیں کئے جارہے آخر ان کا قصور ہے۔

انہوں نے کہاکہ بلدیہ حب و لسبیلہ کے ملازمین کے ساتھ ہمیشہ سے اس طرح کا ظلم ہو تا آرہا ہے اور وقت پر انہیں تنخواہیں ادا نہیں جاتی عید الفطر سر پر لیکن بلدیہ حب کے ملازمین تنخواہوں سے اب تک محروم ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بلدیہ حب کے ملازمین اپنے فرائض ہمیشہ سے بہتر طریقے سے سرانجام دیتے آرہے ہیں چاہے سڑکوں ،گلی محلوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی ہو ہر وقت اپنے کام کرتے دکھائی دیتے ہیں اور شہریوں کے خدمت کر رہے ہیں اس کے باوجود انہیں تنخواہیں نہ دینا سمجھ سے بالا تر ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ادارے کا قیام 1962کو لایا گیا اس وقت سے لیکر آج تک ادار ہ بدحالی کا شکار ہے جسے لوٹ مار کےلئے بنایا گیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان اور وزیر بلدیات بھی ہمارا ہے لیکن اس کے باوجود میونسپل کارپوریشن حب کے ملازمین عید الفطر کی تنخواہوں و بونس الاﺅنس سے محروم ہیں ہم گلہ کریں تو کس سے کریں اگر بلدیہ حب کے ملازمین کو عید الفطر سے تنخواہیں اور الاﺅنس بونس ادا نہیں کئے گئے تو ملازمین اپنے احتجاج کو وسعت دینگے اور صفائی ستھرائی سمیت دیگر کام چھوڑ دینگے ۔