بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر سے تعلق رکھنے والی ایک طالبہ نے اقوام متحد کی آبی کانفرنس 2023 میں شرکت کر کے بلوچستان اور گوادر کی نمائندگی کی ہے ۔
آبی کانفرنس میں شرکت کے لیے جی ڈی اے نے طالبہ کو مالی امداد فراہم کی۔
مجیب الرحمان قمبرانی نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکائونٹ پر لکھا کہ جی ڈی اے کو گوادر سے تعلق رکھنے والی نوجوان خاتون سفیر بہار طاہرہ خلیل کے پانی کے بارے میں اقوام متحدہ کی بین الاقوامی کانفرنس میں بلوچستان اور گوادر کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے۔
اقوام متحدہ کی آبی کانفرنس 2023کا اختتام پانی کے عالمی بحرانوں اور پانی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے ایک پیشرفت کے ساتھ ہوا جو مجموعی طور پر پائیدار ترقی کو تیز کرنے کے لیے ایک ڈیل میکر ہے۔
بہار طاہرہ خلیل ان تقریباً 10,000 شرکا ء میں سے ایک تھیں جو اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز اور آن لائن جمع ہوئے تاکہ پانی کے بحران سے نمٹنے اور سب کے لیے پانی کی مساوی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر اقدامات کی رفتار بڑھایا جاسکے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر اور بلوچستان کے دیگر ملحقہ علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت ہے۔
گوادر میں جاری چین پاکستان اقتصادی راہداری کے آغاز کے بعد سے گوادر میں پینے کے پانی کے مسئلے کو حل کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے تاہم ابتک گوادر میں یہ مسئلہ حل طلب ہے۔