حاجی لشکری خان رئیسانی اور ہمایوں عزیز کرد نے آج کوئٹہ میں حق دو تحریک کی اسیر رہنماء حسین واڈیلہ اور ان کے ساتھیوں سے کرائم برانچ میں ملاقات کی۔
ملاقات میں حاجی میر لشکری رئیسانی اور میر ہمایوں عزیز کرد نےگوادر کے گرفتار سیاسی قائدین سے تفصیلی بلوچی حال احوال کیا۔
اس موقع پر میر حاجی لشکری رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان کے سیاسی کارکنوں کو ساحل وسائل، سمندری حیات کی تحفظ، ٹرالنگ کی روک تھام اور عوامی حقوق کیلئے آواز بلند کرنے کی پاداش میں گرفتار کرکے حکومت نے فسطائیت کا ثبوت ثابت کردیا ہے، بلوچستان کے باشعور سیاسی کارکن مختلف اوقات میں عوام کے حقوق کیلئے جمہوری راستہ اپناتے ہوئے اپنی جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے، قید وبند اور عقوبت خانے کسی بھی صورت میں سیاسی کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے ۔ حسین واڈیلہ گوادر کے ایک بزرگ سیاسی کارکن ہیں،گرفتاری سے حوصلے مزید بلند ہونگے۔
اس موقع پر میر حاجی لشکری رئیسانی نے حسین واڈیلہ اور دیگر سیاسی کارکنوں کے ساتھ بھر پور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ عوامی حقوق اور بلوچستان کے حقوق کے دفاع کیلئے ہر سیاسی کارکن کو اپنا سیاسی اور شعوری کردار ادا کرنا ہوگا۔