سینئر بولی وڈ اداکار چل بسا

180

بولی وڈ سینیئر اداکار وکرم گوکھلے 77 برس کی عمر میں کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد 26 نومبر کو چل بسے۔

وکرم گوکھلے تقسیم ہند سے قبل بمبئی ریزیڈنسی کے شہر پونا میں 1945 میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے جوانی میں ہی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

وکرم گوکھل نے کیریئر کا آغاز اسٹیج اور تھیٹر ڈراموں سے کیا، بعد ازاں انہوں نے ٹیلی وژن اور پھر بڑے پردے کا رخ کیا اور انہوں نے بولی وڈ میں 1970 میں ڈیبیو کیا۔

انہوں نے درجنوں مراٹھی فلموں میں بھی کام کیا اور انہیں کئی مراٹھی فلموں کی ہدایات بھی دیں اور انہیں پروڈیوس بھی کیا۔

وکرم گوکھلے نے امیتابھ بچن سے لے کر اکشے کمار، اجے دیوگن، سلمان خان، شاہ رخ خان، سنجے دت اور 2000 کے بعد آنے والے اداکاروں کے ساتھ بھی کام کیا۔

انہوں نے متعدد بولی وڈ فلموں میں پولیس کمشنر، اعلیٰ پولیس افسر، فوج اور دیگر سیکیورٹی اور حساس اداروں کے سربراہ یا اہم عہدیدار کے علاوہ سائنسی اداروں کے ڈائریکٹرز کے کردار ادا کیے۔

وکرم گوکھلے کا تعلق فلمی خاندان سے تھا، ان کی پڑدادی کو متحدہ ہندوستان کی پہلی اداکارہ قرار دیا جاتا ہے جب کہ ان کی دادی نے بھی بھارتی فلموں کے اغاز میں چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کام کیا۔

وکرم گوکھلے کے والد چندر کانت گوکھلے بھی اداکار تھے اور انہوں نے زیادہ تر مراٹھی زبان کی فلموں میں کام کیا۔