پاکستان: ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر

263

پاکستان میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا ہے، امریکی کرنسی کی قدر میں 3 روپے 5پیسے کا بڑا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 214 روپے ہو گئی ہے جبکہ ڈالر22 جون کو 211 روپے 93 پیسے کا تھا۔

ادھر اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا ہے، اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 4 روپے 50 پیسے مہنگی ہونے کے بعد 216 روپے پر ٹریڈ کر رہی ہے۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق سہ پہر 3 بج کر 12 منٹ پر ڈالر 216 روپے پر ٹریڈ کررہا تھا، جمعہ کے مقابلے میں یہ اضافہ 5 روپے یا 2.4 فیصد ہے۔

پیر کو کاروباری ہفتے کے پہلے دن کے آغاز کے ساتھ ہی کراچی انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر ڈیڑھ روپے اضافے سے 212 روپے 50 پیسے کی سطح پر آگیا تھا۔

گذشتہ ہفتے ڈالر 210.95 روپے پر بند ہوا تھا، 22 جون کو 211.93 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد ڈالر کی قدر چار جولائی تک کم ہو کر 204.56 روپے تک آگئی تھی۔

ماہرین ڈالر کی قدر میں اضافے کی وجہ پاکستان میں سیاسی عدم استحکام کو قرار دے رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ضمنی انتخابات کے نتائج کے بعد سیاسی عدم استحکام پیدا ہوگیا ہے کیونکہ ان نتائج نے اتحادی حکومت کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

ماہرین کہہ رہے ہیں کہ روپیہ دباؤ کا شکار ہے کیونکہ مارکیٹ نئی حکومت کے حوالے سے غیر یقینی کی صورتحال کا شکار ہے اور معیشت کے استحکام کے حوالے سے فیصلے موجودہ وزیر خزانہ کریں گے۔