بلوچستان اور بلوچستان کے لوگوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے سائنسی بنیاد پر تحقیق کو وقت کی ضرورت گردان کر مہرگڑھ ریسرچ انسٹیٹیوٹ (ایم آر آئی) کی بنیاد رکھی گئی ہے – ایم آر آئی رابطہ کمیٹی
مہرگڑھ ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی بنیاد رکھی گئی ہے اس حوالے سے ایم آر آئی کمیٹی کا کہنا ہے کہ مہرگڑھ ریسرچ انسٹیٹیوٹ ایک خودمختار، غیر جانبدار ادارہ ہوگا جس کا بنیادی مقصد بلوچستان میں محققین (ریسرچرز) کی ایک کیپ تیار کرنی ہے، جو بلوچستان اور بلوچستان کے لوگوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے سائنسی طریقہ کار کو اپناتے ہوئے تحقیق کرے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ سال 2020 کے آخر میں ایک ریسرچ انسٹیٹیوٹ پر شروع ہونے والی بحث کو بلوچستان میں مختلف مکاتب فکر سے مشاورت اور طویل بحث کے بعد انسٹیٹیوٹ نے بنیادی ادارہ جاتی ڈھانچہ اور سال 2022 کے منصوبے کو تشکیل دیکر اس پر باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا ہے، جس میں مختلف طریقہ کار اپناتے ہوئے بلوچستان کے لوگوں کو بنیادی ریسرچ، اسکی اہمیت اور ضرورت سے آشنا کیا جائے گا۔ بلوچستان میں معیاری تحقیق کو فروغ دینے اور محققین کی رہنمائی کیلئے مہر گڑھ ریسرچ انسٹیٹیوٹ سیمینارز اور ورک شاپس کا انعقاد بھی کریگی۔
کمیٹی کا کہنا ہے کہ ایم آر آئی کا سب سے بڑا ادارہ بورڈ آف ڈاریکٹرز، جو کہ چھ ممبرز پر مشتمل ہے کی تشکیل ہوئی ہے جو ایم آر آئی کی نگرانی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایم آر آئی ملک اور بیرون ملک کے ریسرچرز سے تعاون کی امید رکھتے ہوئے اس کو باقاعدہ ایک منظم ادارے کے طور پر منوانے کے اس سفر کی تکمیل کا عزم رکھتی ہے۔