دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے دو مختلف اضلاع میں پیش آنے والے روڈ حادثات میں مجموعی طور پر بچی سمیت دو افراد جانبحق جبکہ خواتین و بچوں سمیت 17 افراد زخمی ہوئے ہیں-
تفصیلات کے مطابق بسیمہ میں مسافر کوچ اور پک اپ گاڑی کے مابین خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جانبحق اور تین افراد زخمی ہوگئے-
بسیمہ حادثے میں جان کی بازی ہارنے والے شخص کی شناخت نجیب اللہ ولد فتح محمد کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں پیر محمد، علاالدین، عبدل شامل ہیں جنہیں تشویشناک حالت میں کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے-
دوسری جانب دالبندین بائی پاس پر تیز رفتار گاڑی الٹنے کے باعث بچی جانبحق جبکہ ایک ہی خاندان کے چودہ افراد زخمی ہو گئے ہیں-
دالبندین ریسکیو حکام نے بچی کی لاش اور واقعہ میں زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا جہاں سے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کوئٹہ منتقل گیا-
مزید خضدار کا رہائشی علی بخش باجوئی سندھ کے علاقے شہداد گوٹھ میں ایک ٹریفک حادثے میں جانبحق ہوگئے-
دریں اثناء بسیمہ واقعہ میں زخمی اور جانبحق افراد کے لواحقین نے واقعہ کے خلاف سی پیک روٹ دھرنا دیکر روڈ کو ٹریفک کے لیے معطل کردیا انتظامیہ اور واقعہ کا شکار ہونے والے افراد کے لواحقین کے درمیان مذاکرات کے بعد روڈ کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا-