بلوچستان بھر میں لمہ وطن کی پہلی برسی پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا – بلوچ یکجہتی کمیٹی

359

بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی، شال، کیچ، گوادر، پسنی، پنجگور، ڈی جی خان اور بارکھان کی جانب سے لمہ وطن بانک کریمہ کی پہلی برسی کے موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کرکے کریمہ بلوچ کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ بلوچستان بھر میں بانک کریمہ کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنا ان کے نظریہ اور فکر کے کامیابی کی علامت ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی کی جانب سے کراچی پریس کلب میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں دانشور و سیاسی رہنماؤں نے شرکت کرکے بانک کریمہ کی زندگی جدوجہد اور قربانیوں پر گفتگو کی۔ جبکہ شال میں بی وائی سی کی جانب سے ایک آشوبی دیوان کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین و نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، پروگرام سے بلوچی زبان کے نامور گلوکار مسلم حمل بلوچ نے اپنے بہترین فن کا مظاہرہ کیا اور بانک کریمہ کے تصویروں کے سامنے شمع بھی روشن کیے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بی وائی سی کی جانب سے کیچ، گوادر، پسنی اور بارکھان میں بانک کریمہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ریلیاں نکالی گئی اور شمع روشن کیے گئے اور ڈی جی خان میں ایک آشوبی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ بانک کریمہ نے اپنی پوری زندگی بلوچ قوم کیلئے جدوجہد میں گزاری اس دورانیہ میں انہوں نے ہر مشکل اور کٹھن مرحلوں کا سامنا کیا دوستوں کی شہادت سے لیکر قریبی ساتھیوں کی گمشدگی کی تکلیف تک مگر انہوں نے ان تمام حالات کو خاطر میں لائے بغیر اپنی جدوجہد جاری رکھی۔ جلاوطنی کی زندگی میں بھی وہ خاموش نہیں رہی بلکہ انہوں نے دنیا بھر میں مسلسل بلوچ قوم کیلئے آواز اٹھایا اور ہر پلیٹ فارم پر جاکر بلوچ قوم کی نمائندگی کا فریضہ سرانجام دیا۔

مزید کہا گیا کہ گوکہ اس سفر میں انہیں سنگین مشکلات کا سامنا رہا مگر وہ ایک حقیقی اور بہادر جہدکار تھیں جن کے پاؤں کبھی بھی ڈگماگائے نہیں بلکہ وہ بہادری سے ہر مشکل کے سامنے کھڑی رہی اور جدوجہد کو آخری سانس تک جاری رکھا۔ کریمہ کی جدوجہد آج رنگ لائی ہے کہ بلوچ بیٹیاں قومی ذمہ داریاں نبھانے میں پیش پیش ہیں، یہ کریمہ کی جدوجہد کا ثمر ہے ۔ لمہ وطن کریمہ، بلوچ قومی تاریخ کا عظیم کردار بن چکی ہے۔