بلوچستان: ماہ اکتوبر میں 997 ٹریفک حادثات میں 126 افراد جانبحق ہوئے – رپورٹ

459

بلوچستان میں شاہراہوں کی خستہ حالی و عدم سہولیات کے بناء پر حادثوں کا سلسلہ تھم نا سکا ہے رواں سال اکتوبر کے مہینے میں 997 روڈ حادثات رونماء ہوئے جن میں 126 افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ ان حادثوں کے نتیجے میں 1389 افراد زخمی ہوئیں-

بلوچستان یوتھ اینڈ سول سوسائٹی رپورٹ کے مطابق گذشتہ ماہ حادثات بلوچستان کے مختلف شاہراہوں پر پیش آئیں جہاں کوئٹہ، قلات، مستونگ، کردگاپ، پشین میں 247 ٹریفک حادثات میں 334 افراد زخمی اور 32 افراد جانبحق ہوئے، خضدار، بیلہ، سوراب، حب، آوران میں 428 حادثات میں 577 افراد زخمی ہوئے جبکہ 27 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔

رپورٹ کے مطابق ژوب، لورالائی، قلعہ عبداللہ، مسلم باغ، زیارت، قلعہ سیف اللہ، ژوب میں 163 حادثات میں 260 افراد زخمی اور 32 افراد جانبحق ہوئے جبکہ گوادر، جیونی، پسنی، تربت، پنجگور، بیسیمہ، واشک، نوشکی، خاران، سیندک، چاغی، نوکنڈی، دالبندین میں 39 حادثات میں 63 افراد زخمی اور 14 افراد جانبحق ہوئے۔

اسی طرح سبی، نصیرآباد، ڈیرہ مراد، جفر آباد، سوئی، کوہلو، مچھ، اوستہ محمد میں 120 حادثات میں 155 افراد زخمی اور 21 جانبحق ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق کمسن بچہ عبدالجبار جو ایک سال قبل روڈ حادثے میں زخمی ہوا تھا اکتوبر میں وفات پاگیا۔