بی ایس او و بساک کا بلوچستان کی مرکزی شاہراہوں کو بند کرنے کی دھمکی

157

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی اور بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے الائنس نے اپنا مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ روز گورنر ہاؤس کے سامنے پرامن دھرنے پرپولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کی گئی اور کئی طالب علموں کو گرفتار کرتے ہوئے جیل منتقل کیا گیا۔ گرفتار طالبعلموں میں دونوں طلباء تنظیموں کے اراکین شامل ہیں جبکہ دونوں تنظیموں کے مرکزی اراکین پر ایف آئی آر بھی درج کی گئی۔ الائنس طالبعلموں کی گرفتاری اور ان پر درج ایف آئی آر کو غیر قانونی اور غیر آئینی تصور کرتی ہے اور اگر طالبعلموں کو دو دن میں رہا نہیں کیا گیا اور ان پر درج غیر قانونی ایف آئی آر کا خاتمہ نہیں کیا گیا تو صوبے بھر کے مرکزی شاہراؤں کو بند کیا جائے گا۔

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی اور بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے طالبعلموں کے ترجمان تنظیم کی حیثیت سے طلبا تحریک کو توانائی فراہم کرنے کےلیے عملی بنیادوں پر جدوجہد کی اور طلباء کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔دونوں طلبا تنظیموں کے الائنس کی جانب سے 20 ستمبر کو بلوچستان یونیورسٹی سے لیکر ایدھی چوک تک طالبعلموں کے مطالبات کی حق میں گرینڈ ریلی نکالی گئی جبکہ گزشتہ روز ہونے والے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنے میں طالبعلموں کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے طالبعلموں کے پر امن احتجاجی ریلی کو سبوتاژ کرنے کےلئے طالبعلموں پر لاٹھی چارج کیا گیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جس میں کئی طالب علم زخمی ہوئے اور کئی طالب علموں کو گرفتار کرتے ہوئے جیل کے نظر کر دیا گیا۔ پرامن طالبعلموں پر جہاں اس طرح کی بربریت قابل تشویش ہے وہیں طالبعلموں پر غیر قانونی اور غیر آئینی طریقے سے ایف آئی آر کاٹنا نا انصافی کی ایک داستان ہے۔ ہم بحیثیت طلبا تنظیم اس عمل کو گھناؤنا قرار دیتے ہوئے اس عمل کے خلاف عملی جدوجہد کا اعادہ کرتے ہیں۔

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی اور بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کا الائنس مذکورہ مسلئے کو سنجیدہ لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کرتی ہے کہ جلد از جلد طالبعلموں کو رہا کیا جائے اور اُن پر درج جھوٹے ایف آئی آر کا خاتمہ کیا جائے۔ اگر دو دن تک طالبعلموں کو پابند سلاسل رکھا گیا اور ضمانتیں نہیں کی گئیں تو دونوں تنظیموں کی الائنس صوبے بھر کی مرکزی شاہرائوں کو بند کرنے کی کال دے گی اور اس عمل میں کسی بھی نقصان کی ذمہ دار ضلعی انتظامیہ ہوگی۔