فلپائن میں فوجی طیارہ گر کر تباہ

104

فلپائن کے جنوبی حصے میں ایک فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس میں 85 افراد سوار تھے۔

فلپائن کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل سری لیتوسوبیجانا نے اتوار کو کہا ہے کہ ایک فوجی طیارہ جس میں 85 افراد سوار تھے، ملک کے جنوب میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

فوجی سربراہ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ سی 130 طیارہ صوبہ سولو میں واقع جزیرہ جولو میں لینڈنگ کی کوشش کے دوران گر کرتباہ ہوا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق فوجی سربراہ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ طیارے کے جلتے ہوئے ملبے سے اب تک 40 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ’ریسکیو سروس اس وقت طیارے کے ملبے کے قریب ہے اور ہم دعا کر رہے ہیں کہ مزید جانیں بچائی جا سکیں۔‘

خیال رہے کہ فلپائن کے جنوبی علاقے میں فوج کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جہاں عسکریت پسند گروپ سرگرم ہیں جن میں اغواء برائے تاوان کی کارروائیوں میں ملوث ابو سیاف بھی شامل ہے۔