سندھ کے ضلع سکھر میں انسداد دہشت گردی فورس نے کارروائی کرکے فورسز پر حملہ کرنے والے کالعدم تنظیم کے مبینہ مزاحمت کار کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سکھر میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پولیس نے ایئرپورٹ کے قریب کارروائی کرکے کالعدم تنظیم سے وابستہ ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم نے کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے کیمپ سے ٹریننگ حاصل کی اور پھر کالعدم جماعت میں شامل ہوا۔
ملزم نے دورانِ تفتیش متعدد جرائم کی وارداتوں کا اعتراف کیا اور بتایا کہ وہ کالعدم تنظیم کے تربیتی کیمپ کا نائب کمانڈر رہا ہے جبکہ اُس نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر فورسز کے کیمپ پر حملہ بھی کیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کیمپ پر حملے کے وقت سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی جس میں ایک ساتھی بہرام مری مارا گیا تھا۔
مبنیہ ملزم نے اعتراف کیا کہ اُس نے بارود اور اسلحہ کوہلو کے علاقے میں زیر زمین چھپا دیا تھا، دفن کئے گئے اسلحہ میں 7 کلاشنکوف، 7 مارٹر گولے، ایل ایم جی شامل ہے۔