کیچ: چھاپوں کے دوران فورسز کے ہاتھوں مزید 6 افراد لاپتہ

223

بلوچستان کے کیچ میں پاکستانی فورسز نے بلوچ نیشنل موومنٹ کے وائس چیئرمین غلام نبی سمیت کئی لوگوں کے گھروں پہ چھاپہ مارکر چھ افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ رات دیر رات کو پاکستانی فورسز نے کیچ کے علاقے تحصیل تمپ گومازی میں بی این ایم کے وائس چیئرمین غلام نبی کے گھر سمیت متعدد لوگوں کے گھروں پر چھاپہ مارکر چھ افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام منتقل کردیا۔

حراست بعد لاپتہ ہونے والوں کی شناخت قیوم ولد ملا بلال، ثابت ولد ملا بلال، واجو شھبیک ولد دادکریم، ماجد ولد رشید، اسرائیل ولد حسین اور عالم ولد سلام کے ناموں سے ہوئی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ دوران آپریشن فورسز نے خواتین اور بچوں کو شدید تشدد کا نشانہ بناکر گھروں سے قیمتی سامان کو بھی لوٹ کر اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں لوگوں کو لاپتہ کرنے کا واقعہ ایک سنگین صورتحال اختیار کرچکا ہے گذشتہ مہینے پاکستانی وزیر اعظم اور لاپتہ افراد کے لواحقین کے درمیان ملاقات ہوئی تھی جس میں وزیر اعظم نے یقینی دہانی کرائی تھی کہ وہ لاپتہ افراد کے متعلق مثبت پیش رفت کرینگے جبکہ دوسری جانب چند ہی لوگ فورسز کے حراست سے بازیاب بھی ہوئے ہیں اور فورسز مزید لوگوں کو حراست میں لے کر لاپتہ کررہے ہیں۔

چوبس گھنٹے کے دورانیہ میں فورسز کے ہاتھوں اب تک دس افراد کے لاپتہ ہوئے ہیں گذشتہ روز کیچ کے علاقے گومازی میں پاکستانی فورسز اور خفیہ ایجنسیوں نے آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے ضعیف العمر شخص سمیت تین افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام منتقل کردیا جبکہ مند ہی کے علاقے مہیر سے گذشتہ دنوں ایک چرواہا کو بھی فورسز نے حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے۔