بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ وچیف آف ساراوان نواب اسلم رئیسانی نے کہاہے کہ بلوچوں کا وطن ایک ہے اور ایک رہے گا۔ بلوچستان کی تقسیم قطعاََ قبول نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گوادر شہر کو بلوچستان کے موسم سرما کا دارالحکومت قراردیاتھا جنوبی لفظ شامل نہیں تھا۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں کیا۔
نواب محمد اسلم رئیسانی نے کہاکہ بلوچستان کی تقسیم قبول نہیں، بلوچوں کا وطن ایک ہے اور ایک رہے گا، پاکستانی حکمرانوں نے 23مارچ 1940 کی مسلم لیگ کی قرارداد میں بھی ملاوٹ کردی ہے، خان قلات اور محمد علی جناح کے معاہدے پہ عمل کر کہ اسے نافظ کیاجائے۔
انہوں نے دعویٰ کا کیا کہ گوادر بندرگاہ کو مشرف دور میں پورٹ سنگاپور اتھارٹی کو دیا گیا تھا بندر گاہ کے ماسٹر پلان میں این ایل سی ، نیوی اورعقیل ڈیڈی کو زمین دی گئی تھی جو ہماری حکومت نے چھڑوالی، گوادر کو ہم نے بلوچستان کا سرمائی دارلحکومت قرار دیاتھا جس میں جنوبی بلوچستان کا لفظ بلکل نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے مشرف دور ماسٹر پلان کی زمین اور گوادر بندرگاہ کوسنگا پور اتھارٹی کے کنٹرول سے چھڑوایا تاکہ حکومت بلوچستان کی آمدنی کا ذریعہ بن سکے لیکن بعد میں جب گوادر کو چین کے حوالے کیا گیا اس وقت کی حکومت نے منہ اور آنکھیں بند کیں۔