سوراب میں فورسز پر حملے کی ذمہ داری بی ایل اے نے قبول کرلی

564

بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے کہا ہمارے  سرمچاروں نے آج سوراب بازار میں قابض پاکستانی فوج کی ایک گاڑی کو دستی بم حملے میں نشانہ بنایا۔ حملے کے نتیجے میں قابض فوج کے متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔ بی ایل اے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتی ہے۔

 ترجمان نے کہا ہم واضح کرچکے ہیں کہ قابض فورسز اور ان کے کمکاروں کو کہیں پر بھی نشانہ بنایا جائے گا۔ بلوچ قوم قابض افواج سے ہمیشہ محفوظ فاصلہ رکھیں تاکہ کسی قسم کے جانی و مالی نقصان سے بچا جاسکے۔

واضح رہے کہ آج سوراب میں پاکستانی فورسز (ایف سی ) کی گاڑی کو مسلح موٹر سائیکل سوار افراد نے دستی بم سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں متعدد اہلکاروں کے علاوہ ایف سی اسٹاف میں شامل ایک خاتون بھی زخمی ہوا جسے اطلاعات کے مطابق خضدار میں قائم فوجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔

سوراب حملے سے قبل بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے  گذشتہ روز بولان کے علاقے میں پاکستانی فورسز پر دو مختلف حملوں کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی ۔

بولان میں حملے کے بعد پاکستانی فورسز نے فضائیہ کے ہمراہ عام آبادیوں کے خلاف زمینی آپریشن شروع کی ہے جو کہ آخری اطلاعات تک آج بھی جاری رہا ۔