ملزم اپنی بہن اور ایک شخص کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کے بعد فرار ہوگیا۔
بلوچستان کے ضلع نصیر آباد کی تحصیل تمبو کے علاقہ مگسی شاخ کے ایک نواحی گاؤں میں عظمت خان نامی نوجوان نے اپنی 18 سالہ بہن خورشید بی بی اور اس کے مبینہ آشنا 22 سالہ نوجوان عبدالصمد کو غیرت کے نام پر آتشیں اسلحہ سے فائر کر کے قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔
خان کوٹ پولیس تھانہ کے عملے نے مقتولین کی لاشیں ڈویژنل ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی کے شعبہ حادثات میں پہنچا کر ضروری کارروائی کے بعد ان کے ورثاء کے حوالے کرکے دہرے قتل کے ملزم کی گرفتاری کے لئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔
خیال رہے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں غیرت کے نام پر دو واقعات میں چار افراد قتل کیئے گئے۔
گذشتہ روز دکی کے سب ڈویژن لونی میں کلی بختیار خان کے علاقے میںمسلح افراد نے غیرت کے نام پر خاتون سمیت دو افراد کو قتل کیا اور فرار ہوگئے۔
لیویز حکام کے مطابق فائرنگ سے جانبحق ہونے شخص کی شناخت مراد محمد کے نام سے ہوئی جبکہ خاتون کی شناخت نہیں ہوسکی۔
لیویز رسالدار اسرار احمد ترین کے مطابق لاشیں سول ہسپتال دکی منتقل کرکے ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ لیویز نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
واضح رہے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات تسلسل کیساتھ رونماء ہوتے رہے ہیں جبکہ مذکورہ واقعات میں اکثر ملزمان واقعے کے بعد فرار ہوجاتے ہیں۔
سیاسی اور سماجی حلقوں کے مطابق اکثر ذاتی دشمنی میں غیرت کے نام پر لوگوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے جبکہ مذکورہ واقعات کی روک تھام میں انتظامیہ ناکام نظر آتی ہے۔
حلقوں کا کہنا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل کو روکنے کیلئے انتظامیہ کو متحرک ہونے کیساتھ لوگوں کو شعوری آگاہی دینے کی بھی ضرورت ہے۔