اسکردو لینڈ سلائیڈنگ میں پاکستان فوج کے 4 اہلکار ہلاک

218

اسکردو میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث  پیش آنے والے حادثے میں پاکستان فوج کے 4 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

 انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق جگلوٹ اسکردو روڈ پر تنگس پری باغیچہ کے قریب بھاری لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور راولپنڈی سے اسکردو جانے والی مسافر بس بھی لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئی۔

آئی ایس پی آرکے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر کئی مسافروں سمیت پاکستان فوج کے 4 اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

ہلاک ہونے والے سپاہیوں میں سونا خان، آصف، ارشد اور سپاہی فاروق شامل ہیں۔

 آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان فوج کی کوئیک رسپانس فورس ٹیم ایمبولینسز کے ہمراہ جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دی گئی ہیں۔

خیال رہےکہ آج اسکردو میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مسافر بس کھائی میں جاگری تھی جس کے نتیجے میں پاکستان فوج کے چار اہلکاروں سمیت 16 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہےکہ بس میں 18 مسافر سوار تھے، 10 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ مزید 6 افراد بعد میں دم توڑ گئے۔