بی این ایم وفد کا برطانوی ممبر پارلیمنٹ سے ملاقات

215

بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ آج بی این ایم برطانیہ زون کے صدر حکیم بلوچ کی سربراہی میں ایک وفد نے برطانیہ کے کنزرویٹو جماعت کے سابق چیرمین اور موجودہ ممبر پارلیمنٹ اور وزیر ٹرانسپورٹ گرانٹ شپس سے ملاقات کی ہے۔ وفد میں بی این ایم برطانیہ زون کے جنرل سیکریٹری نیاز بلوچ اور شہزاد بلوچ شامل تھے۔

ترجمان نے کہا اس ملاقات میں برطانوی ممبر پارلیمنٹ اور وزیر ٹرانسپورٹ گرانٹ شپس سے بلوچستان پر قبضہ اور پاکستانی مظالم پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ انہیں بلوچستان کی موجودہ صورتحال پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔ برطانوی ممبر پارلیمنٹ نے بلوچستان میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس جدید دور میں اس طرح کے مظالم روا رکھے جارہے ہیں اور ان سنگین واقعات پر دنیا کی خاموشی افسوسناک اور حیران کن ہے۔ گرانٹ شپس نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنے وزیر خارجہ کو اس بارے میں تحریری صورت میں آگاہ کریں گے تاکہ وہ پاکستان سے بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سوال کرے۔

ترجمان نے کہا پارٹی ارکان کی جانب سے مختلف میمبرز آف پارلیمان کو خطوط لکھے گئے ہیں، جس کے بعد مختلف ممبر آف پارلیمان جوناتھن گولیس اور اسٹیفن مارگن نے برٹش فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس اور برطانوی ممبر پارلیمان کو حیات مرزا بلوچ سمیت بلوچستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے حوالے خطوط لکھے، جن کا انہوں نے اس یقین کے دہانی کے ساتھ جواب دیا کہ برطانوی حکومت کسی بھی ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگی کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ ہم تمام ریاستوں سے اس طرح کے واقعات کی چھان بین، ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دیکر جبر کے شکار لوگوں اور انکے لواحقین کو انصاف فراہمی کی اپیل کرتے ہیں۔ اور وہ اس مسئلے کو فارن آفس کے سامنے رکھ کر ان سے اس حوالے سے جواب طلبی کرینگے۔

ترجمان نے کہا آج ہونے والی ملاقات بلوچ نیشنل موومنٹ کے بین الاقوامی اس مہم کا حصہ ہے جس میں نہ صرف احتجاجی مظاہرے و دیگر پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں بلکہ مہذب ممالک کے اعلیٰ حکومتی و دیگر بااثر شخصیات سے ملاقات کرکے انہیں بلوچستان کی تاریخ و موجودہ صورت سے آگاہ کیا جاتا ہے۔