عبدالمجید کے بازیابی کیلئے احتجاج کی حمایت کرتے ہیں – بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی

221

لاپتہ عبدالمجید شہداد کی فیملی کے جانب سے عبدالمجید شہداد کے بازیابی کے لئے احتجاجی مظاہرہ کا مکمل حمایت کرتے ہیں – بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی

بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی کے ذمہ داروں نے اپنے جاری کردہ بیان میں عبدالمجید شہداد کے لاپتہ ہونے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عبدالمجید شہداد حب ساکران کے رہائشی ہیں جو ابراہیم حیدری کے مل میں گذشتہ 5 سالوں سے چوکیداری کرکے اپنے خاندان کی کفالت کررہا تھا جنہیں 30 جولائی کے شب ابراہیم حیدری میں ایک مل سے کچھ مسلح افراد جن کے ہمراہ دو پولیس وردی میں آکر اٹھا کر لے گئے اور انہیں لاپتہ کردیا جس کے بعد اب تک عبدالمجید کا کوئی پرسان حال نہ ہوسکا۔

ان کا کہنا ہے کہ عبدالمجید کے لاپتہ ہونے کے بعد ان کا خاندان ان کی زندگی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کررہا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں لاپتہ ہونا اب معمول کا حصہ بن چکا ہے جس کی وجہ سے خوف کا ماحول کا پیدا ہورہا ہے لاپتہ ہونے کے خاندان جس کرب و اذیت سے اپنی زندگی گزار رہے ہیں اس کا اندازہ اب تک کسی کو بھی نہیں ہوسکا۔ عبدالمجید کے محض ایک مزدور ہونے کے بعد بھی لاپتہ ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بلوچ جو چاہے کسی بھی طبقے سے تعلق رکھتا ہوں ان کا محفوظ نہ ہونا ریاستی اداروں پر ایک سوالیہ نشان ہے۔

مزید کہا گیا کہ عبدالمجید شہداد کے لواحقین نے ان کی بازیابی کے لئے حیدری پولیس تھانہ میں ایف آئی آر درج کرنا چاہا تو ان کی ایف آئی آر بھی درج نہیں کرائی گئی اس کے بعد ان کے لواحقین نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکومتی عہدیداروں کے سامنے بازیابی کی استدعا کی مگر کسی بھی ادارے نے ان کی شنوائی نہیں کی لہٰذا لاپتہ عبدالمجید شہداد کی فیملی کے جانب سے بروز ہفتہ 12 ستمبر ان کے بازیابی کے لئے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا جس میں ہر طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے پرزور اپیل کی جاتی ہے کہ وہ احتجاجی مظاہرے میں اپنی شرکت کی یقینی بنا کر لواحقین سے اظہار یکجہتی کا ثبوت پیش کرے۔