بلوچستان : پاکستانی فورسز کی گاڑی نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، ماں بیٹے سمیت 5 افراد جانبحق

617
اوتھل کے علاوہ آج کیچ کے مرکزی شہر تربت میں بھی پاکستان ایف سی کے گاڑی نے ایک راہ چلتے نوجوان کو کچل دیا جس سے وہ شدید زخمی ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز کی تیز رفتار گاڑی نے اوتھل میں موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں ماں بیٹے سمیت 5 افراد موقع پہ جانبحق جبکہ 5 دیگر زخمی ہوئیں۔
پاکستانی کوسٹ گارڈز کے گاڑی نے موٹرسائیکل سواروں کو ضلع لسبیلہ کے صدر مقام اوتھل میں لنڈاپل کے مقام پر   تین الگ الگ موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا، جسکے نتیجے میں موٹرسائیکلوں پر سوار نور محمد ولد ابو آچرہ، عظیم اللہ ولد محمد ہاشم، غلام محمد ولد شفیع محمد ، ممی زوجہ غلام محمد اور اسکا چار سالہ بیٹا غلام رسول موقع پرہی جاں بحق ہوگئے ، جبکہ چار اہلکاروں سمیت پانچ زخمیوں میں  جمعہ خان، شہزاد ولد فاروق،امتیاز ولد ذوالفقار علی،افضل ولد محمد یار اور ایک شہری عبدالغفور ولد اللہ بخش آچرہ شدید زخمی ہوگئے ۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی ایمبولینس موقع پر پہنچ گئیں اور نعشوں وزخمیوں کو فوری طورپر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوتھل پہنچایا جہاں پر ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں جبکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کراچی منتقل کردیاگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق  پاکستان کوسٹ گارڈزکی گاڑی کے رفتار انتہائی تیز تھی جس کے بناء پر حادثہ پیش آیا جبکہ دوسری جانب اوتھل پولیس نے دعوی کیا کہ وہ واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔
دریں اثناء آج تربت میں بھی پاکستان ایف سی کے تیز رفتار گاڑی نے ائیر پورٹ کے قریب ایک موٹر سائیکل سوار نوجوان کو کچل دیا جس کے نتیجے میں سرشار ولد عبدالروف شدید زخمی ہوئے۔