ایران نے طالبان کو معاوضہ دے کر اتحادی افواج پر حملے کروائے – رپورٹ

508

امریکی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے طالبان کو بھاری معاوضہ دے کر افغانستان میں امریکا اور اتحادی افواج کے اہل کاروں پر حملے کروائے۔

امریکی ٹی وی، سی این این نے سی آئی اے اور دیگر خفیہ اداروں کی مشترکہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ 2019 میں ایران نے طالبان کے دھڑوں کے ذریعے امریکیوں اور اتحادی افواج پر 6 حملے کروائے۔

رپورٹ میں بگرام ائیر بیس پر حقانی نیٹ ورک کی جانب سے حملے کا الزام بھی ایران پر عائد کیا گیا ہے کہ ایران نے حملے کیلئے بھاری معاوضہ ادا کیا۔ اس حملے میں 6 اتحادی فوجی زخمی ہوئے تھے۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کہہ چکے ہیں کہ ایران، افغانستان میں طالبان اور دیگر مسلح گروہوں کو استعمال کر رہا ہے۔

اس سے قبل بھی ایران پر امریکی حکام اسی طرح کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں، ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد سے امریکی الزامات میں اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے اس سے قبل امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں  شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ جیسے ہی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان سے فوجی انخلاء اور امریکہ کی طویل ترین جنگ کے خاتمے کی کوشش کی، مبینہ انعامات کی وجہ سے ان جنگجوؤں کو امریکی اہداف کو نشانہ بنانے کی ترغیب ملی۔