کورونا وائرس سے دنیا بھر میں 65 ہزار افراد جانبحق، 12 لاکھ متاثر

148

کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں 65 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ متاثرین کی تعداد 12 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

کورونا وائرس کا شکار ہونے والے مزید 5476 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد دنیا بھر میں مرنے والوں کی تعداد 65 ہزار سے زائد ہوگئی ہے جب کہ متاثرین کی تعداد 12  لاکھ سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔

کورونا وائرس کے باعث اب تک اٹلی میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوچکی ہیں جہاں مرنے والوں کی تعداد 15362 ہے جب کہ دوسرا نمبر اسپین کا ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 12418 ، تیسرے نمبر پر امریکا ہے جہاں وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 8454 تک پہنچ چکی ہے۔

امریکا میں اب تک کورونا وائرس کے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ اٹلی اور اسپین میں کیسز کی تعداد سوا لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

فرانس میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 90 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جب کہ وائرس سے اب تک 7560 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، برطانیہ میں بھی وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور مرنے والوں کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

دنیا کی دیگر ممالک میں بھی ہلاکتوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، ایران میں اب تک وائرس سے 3,452 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ بیلجیم میں 1,283، ہالینڈ 1,651، سوئٹزرلینڈ 666، سعودی عرب میں 29 اور بھارت میں 99 افراد وائرس کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں۔

ترکی میں استنبول سمیت 30 شہروں میں گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے جب کہ صرف کھانے پینے کی اشیا اور طبی سازوسامان لانے کی اجازت دی جارہی ہے۔

دوسری جانب چین میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد اور طبی عملے کی یاد میں 3منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی، صدرشی جن پنگ سمیت چین کی اعلیٰ قیادت نے وبا سے مرنے والوں کوخراج عقیدت پیش کیا ہے۔