کوئٹہ: سیوریج کے پانی سے سبزیوں کی کاشت پر پابندی

591

بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے صوبے بھر میں گندے و سیوریج کے پانی سے سبزیوں کی کاشت پر مکمل پابندی عائد کردی۔

ترجمان بی ایف اے کے مطابق بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیم نے ڈائریکٹر آپریشنز غلام مرتضیٰ اور ڈپٹی ڈائریکٹر سرفراز مغل کی سربراہی میں سر پل سمنگلی روڈ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے سبزیوں کی کاشت کے لیے استعمال ہونے والے گندے پانی کی متعدد لائینیں توڑ دیں جبکہ مذکورہ کھیتوں کے مالکان کو اس حوالے سے نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔

ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ کا کہنا ہے کہ کوئٹہ شہر سمیت مختلف علاقوں میں گندے پانی سے سبزیاں کاشت کی جارہی ہیں جس سے لاکھوں افراد کی صحت متاثر ہو رہی ہے۔ آلودہ پانی سے کاشت کی جانے والی سبزیاں گردوں کے امراض، ہڈیوں کی کمزوری، ہیپاٹائٹس، ٹائیفائیڈ اور سرطان جیسی جان لیوا بیماریوں کا سبب بن سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گندے پانی سے کھیتوں کی سیرابی روکنے اور عوام کو محفوظ و صحت افزا سبزیوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آئندہ گندے پانی سے افزائش شدہ سبزیاں تیار کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔