حیدرآباد: حالت خراب ہونے پر اسکول کے 42 بچے اسپتال داخل

68
File Photo

حیدرآباد میں ہالہ ناکہ کے قریب ناشتہ کرنے سے اسکول کے 42 بچوں کی حالت خراب ہوئی جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تمام بچے مدرسے کے طالبعلم ہیں جن کی عمریں 4 سال سے 8 کے درمیان ہیں۔

سول اسپتال کے ایم ایس (میڈیکل سپرنٹنڈنٹ) مبین میمن نے بتایا کہ کل 42 بچے اسپتال لائے گئے تھے اور اس وقت 19 بچے داخل ہیں تاہم بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ایم ایس کا کہنا تھا کہ بچوں نے ڈبل روٹی اور انڈا کھایا جس کے تین گھنٹے کے بعد الٹیاں شروع ہوگئیں۔ ہوسکتا ہے کچھ کھانے پینے میں کوئی زہریلی چیز شامل ہو لیکن ہم نے حیدرآباد انتظامیہ کو رپورٹ کر دی ہے۔

سماء سے گفتگو کرتے ہوئے نجی اسکول کے ایڈمن کا کہنا تھا کہ بچوں کو ناشتہ کرنے کے بعد الٹیاں ہوئی تھیں لیکن اب بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دو تین بچوں کی طبعیت خراب ہوئی تھی جب کہ باقی بچوں کو ہم احتیاط کے طور پر لائے ہیں بہرحال ایسی کوئی بات نہیں۔