برطانیہ اور امریکہ میں بلوچستان میں انسانی حقوق کے پامالیوں کے خلاف مظاہرے منعقد ہونگے

205
فائل فوٹو: جنیوا

لندن میں بلوچ نیشنل موومنٹ جبکہ نیویارک میں بلوچ تنظیموں سمیت دیگر کی جانب سے مظاہرے منعقد ہونگے۔

بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں جہاں بلوچ نسل کشی سالوں سے جاری ہے وہاں قابض فورسز خواتین کی اغوا اور خفیہ زندانوں میں ان کی عصمت دری کے شرمناک روایات بھی معمول بنتے جا رہے ہیں انسانی اقدار سے عاری پاکستانی فوج بلوچستان میں فوجی آپریشنز کے دوران خواتین اور کمسن بچوں و بچیوں کو اغوا کرکے لاپتہ کردیتے ہیں متعدد واقعات میں انہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے-

ترجمان نے کہا کہ گذشتہ دنوں ایک بلوچ طالبہ حانی گْل بلوچ نے اپنے پریس کانفرنس کے ذریعے پاکستانی سفاک فوج کی حقیقت کو منظر عام پر لاتے ہوئے انکی بربریت اور کالی کرتوتوں سے پردہ اٹھایا اس واقعے نے بلوچ قوم کو جھنجوڑ کر رکھ دیا اور حانی گل کی جرات نے ہزاروں بے زبانوں کو قوت گویائی بخشی حانی گل بلوچ کو ان کے منگیتر محمد نسیم کے ہمراہ پاکستان کے خفیہ اداروں نے کراچی سے لاپتہ کیا گیا تھا حانی گل کو تین مہینے ذہنی و جسمانی تشدد کے بعد رہا کردیا گیا لیکن ان کے منگیتر تاحال فوج کی حراست میں ہیں۔

انہوں نے کہا بلوچ نیشنل موومنٹ عالمی سطح پر حانی گل کی آواز بننے سمیت ان تمام بلوچوں کی بازیابی اور پاکستان کے جنگی جرائم کے خلاف آواز اٹھا رہا ہے جنہیں جبری طور پر لاپتہ کیا گیا ہو یا کسی بھی طرح سے ریاستی جبر کا سامنا کر رہے ہوں اس بربریت کے خلاف آواز ہمارا قومی و انسانی فرض ہے-

انہوں نے کہا بحیثیت بلوچ قومی جماعت بی این ایم کی جانب سے حانی گل سمیت بلوچستان بھر سے جبری گمشدگی کا شکار بننے والے تمام بلوچ دختر و فرزندوں کی جبری گمشدگیوں کیخلاف اور ان کی جلد از جلد بازیابی کیلئے برطانیہ کے شہر لندن میں برطانوی وزیر اعظم کے گھر 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ پر بروز اتوار انتیس ستمبر کو سہ پہر دو بجے سے شام پانچ بجے تک احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ ہم لندن میں مقیم تمام بلوچ سیاسی کارکنان، انسانی حقوق کے کارکنان سمیت ہر اس شخص سے اس مظاہرے میں شرکت کی اپیل کرتے ہیں جو یہ سمجھتے اور مانتے ہیں کہ خواتین اور بچوں کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے یا انکی عصمت دری کرنے پر ریاست پاکستان کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہیے۔

دوسری جانب امریکہ کے شہر نیویارک میں یو این او کے دفتر کے سامنے جمعہ کے روز بلوچ، سندھی، مہاجر اور پشتون سیاسی کارکنوں کے جانب سے پاکستان میں جبری گمشدگیوں سمیت دیگر انسانی حقوق کے پامالیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا-

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مشترکہ مظاہرہ 27 تاریخ کو منعقد ہوگا جس میں مظاہرین انسانی حقوق پامالیوں کے خلاف آگاہی دینگے۔