دالبندین، عالمی یوم بینائی کے متعلق آگاہی واک کا اہتمام

209

اسلامک ریلیف کی جانب سے عالمی یوم بینائی کے متعلق دالبندین میں آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں، طلباء اور سول سوسائٹی نے شرکت کی۔

واک کی قیادت اسلامک ریلیف چاغی کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر علی دوست بلوچ نے کی جو دالبندین پریس کلب سے شروع ہوکر مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی واپس دالبندین پریس کلب پہنچی جہاں شرکاء سے اسلامک ریلیف کے کوآرٖڈینیٹر علی دوست بلوچ، انور شاہ،  حاجی نورمحمدنوتیزئی، میراحمدمحمدحسنی، ماسڑ ایوب سنجرانی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے موروثی اثرات اور دیگر وجوہات کی بناء پر پیدا ہونے والے آنکھوں کی مختلف بیماریوں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور واضح کیا کہ آنکھیں عظیم نعمت خداوندی ہیں جن کی دیکھ بھال اور حفاظت کرنا انتہائی ضروری ہے۔

مقررین نے زور دیا کہ دالبندین جیسے گرم علاقے میں آنکھوں کو مختلف جراسیم اور بیماریوں سے بچانے کے لیئے عینک کا ستعمال مفید ہے جبکہ آنکھوں میں کسی بھی قسم کی شکایت ہونے پر فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔

انہوں نے اسلامک ریلیف کے دالبندین میں قائم آنکھوں کے ہسپتال کی کاکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ہسپتال سے نہ صرف ضلع چاغی بلکہ ہمسایہ اضلاع اور ایران و افغانستان کی سرحدی علاقوں کے مریض بھی مستفید ہورہے ہیں۔