بلوچستان کے ضلع پنجگور سے پاکستانی فورسز نے ایک طالب علم کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے جبکہ مستونگ کا رہائشی لاپتہ نوجوان بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گیا۔
ذرائع کے مطابق چار روز قبل فورسز اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے پنجگور کے علاقے پروم پرکلکشان کے رہائشی شاہ نظر ولد خدا نظر جوکہ ایک طالب ہے‘ کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا جس کے بعد وہ تاحال لاپتہ ہے۔
دریں اثنا 19 اپریل 2019 کو ہرنائی سے لاپتہ کیے جانیوالا بلوچ طالب علم شیروز احمد قمبرانی ولد محمد باقر سکنہ مستونگ بازیاب ہو کر اپنے گھر پہنچ گئے۔
شیروز احمد کی بازیابی کی تصدیق کرتے ہوئے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز نے ان کے بازیابی میں کردار ادا کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا ہے اور تنظیم کی جانب سے دیگر لاپتہ افراد کی بازیابی کی اپیل کی گئی۔