ہانگ کانگ: مظاہروں کے باعث دوسرے روز بھی تمام پروازیں منسوخ

168

ہانگ کانگ کا بین الاقوامی ہوائی اڈا منگل کو مسلسل دوسرے روز بھی مظاہرین کے قبضے میں رہا۔ ائیر پورٹ پراحتجاج کے سبب ہوائی اڈے جانے والے تمام راستے بند رہے جبکہ سکیورٹی اور امیگریشن کا عملہ بھی فرائض انجام دینے سے قاصر رہا۔

احتجاج کے سبب تمام شیڈول پروازوں کو منسوخ کردیا گیا جبکہ لوگوں کو ایئر پورٹ سے جانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

ابتدا میں مظاہرین کی تعداد بہت کم تھی جو آروائیول ہال پہنچی تو کسی نے وائلن بجانا شروع کردیا، تو کوئی گانا گانے لگا۔ دوپہر ہوتے ہوتے پرواز کی روانگی کے لیے جانے والے راستوں پر بھی مظاہرین کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔

امریکی اخبار ‘وال اسٹریٹ جرنل’ کے مطابق ہانگ کانگ کی قومی ایئرلائن کیتھے پیسیفک کے جاری کردہ مختصر نوٹس میں مزید فلائٹس کی روانگی میں تاخیر کی اطلاع دی گئی۔ نوٹس کے مطابق مسافروں کو صورت حال سے آگاہ کیا جاتا رہے گا۔

مظاہرین نے سکیورٹی چیکس اور ڈپارچر گیٹس کے راستوں کو بھی گھیرے میں لے لیا جبکہ جہاز سے مسافروں کا سامان لانے والی گاڑیوں پر سوار ہوگئے۔ مظاہرین میں سے متعدد افراد نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے چہرے پر ماسک لگائے ہوئے تھے۔

اس سے قبل پیر کو ائیرلائن کی طرف سے کہا گیا تھا کہ غیر قانونی مظاہرے میں شامل ہونے والے عملے کو ملازمت سے نکال دیا جائے گا لیکن منگل کو ہونے والے مظاہرین میں مزید اضافہ نوٹ کیا گیا۔

پیر کو بھی مظاہرین کی بڑی تعداد نے ایئرپورٹ کو گھیرے میں لیے رکھا جس کے باعث لاتعداد فلائٹس منسوخ ہوگئی تھیں۔