نوشکی : سیلاب کے بعد وبائی امراض سے بچی جانبحق

179

نوشکی کے علاقے ڈاک انام بوستان میں سیلابی پانی کے باعث وباء پھیلنے لگی ہے

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ دنوں بلوچستان کے ضلع نوشکی میں سیلاب کے بعد مختلف بیماریاں پھیلنے لگیں ہیں۔ ہر جگہ بدبودار کھڑے سیلابی پانی کی وجہ سے وباء پھیلنے کا خدشہ ہے۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق نوشکی کے علاقے انام بوستان ڈاک میں ایک ڈیڑھ سالہ کمسن بچی صبیحہ بنت محمد حسین جانبحق ہوچکی ہے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق سیلابی ریلے کے بعد اب تک نا کوئی میڈیکل ٹیم اور نہ ہی ریلیف مہیاء کرنےکیلئے کوئی ٹیم آئی ہے۔ راستے بند ہونے اور سردی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے بچے اور خواتین غذائی قلت اور مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔

اس موقع پر اہلِ علاقہ نے کہاکہ ہم نے متاثرین کے علاج ومعالجے کی خاطر متعدد باراعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے، مگر ابتک کوئی شنوائی نہیں ہوئی ہے۔

واضح رہے حالیہ برساتوں کی وجہ سے نوشکی اور گردونواح کے علاقوں میں سیلاب آنے کی وجہ سے بہت سی بستیاں زیر آب آگئے تھے، جس کی وجہ سے لوگ اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق سیلاب کی وجہ سے لوگوں کو جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن ابتک علاقے میں کسی ریلیف آپریشن کا آغاز نہیں کیا گیا ہے۔