لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے احتجاج کو مزید وسعت دینگے – لواحقین

95

حکومت فنڈز کے وقت زمین سر پر اٹھاتی ہے لیکن لاپتہ افراد کے معاملے پر خاموش ہے – وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز

لاپتہ افراد کے لواحقین کی بھوک ہڑتالی کیمپ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے جاری ہے، لاپتہ افراد کے لواحقین نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں لاپتہ افراد کے مسئلے پر حکومت کی خاموشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے حکومت فنڈز کے وقت زمین سر پر اٹھاتی ہے لیکن لاپتہ افراد کے معاملہ میں خاموش ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فنڈز کے معاملے میں ہر فورم پر شور کرنے والی صوبائی حکومت لاپتہ افراد کے معاملے پر گنگے اور بہرے ہوجاتے ہیں جو ایک سنگین انسانی جرم ہے۔

لواحقین نے عندیہ دیا ہے کہ ہم اپنی جہدو جہد کو مزید وسعت دینگے۔

یاد رہے لاپتہ افراد کے اہلخانہ گزشتہ 2 ماہ سے ماما قدیر بلوچ کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے موجود لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے کیمپ میں احتجاج پر بیٹھے ہیں-

اس کے علاوہ لاپتہ افراد کے لواحقین وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا بھی دے چکے ہیں جبکہ ان کا مطالبہ ہے کہ وزیر اعلیٰ ان سے ملکر لاپتہ افراد کو قانونی طریقے سے عدالتوں میں لانے کی یقین دہانی کرائے۔

لواحقین نے کہا ہے کہ ہم پر عزم ہیں اور ہمارا احتجاج اپنے پیاروں کے بازیابی تک جاری رہے گا۔