خاران: عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے -ثناء بلوچ

490

ضلع میں ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف کی کمی کو جلد پورا کیا جائیگا، دور دراز کے ڈسپینسر یوں کو بھی مکمل فعال بنائینگے تاکہ دور دراز کے غریب مریضوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہوسکے اور انہیں مفت طبی سہولیات بروقت میسر ہوسکے – ثناء بلوچ

بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء اور ایم پی اے خاران ثناء بلوچ نے کہا ہے کہ خاران ہیڈ کواٹر ہسپتال میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں، زچہ و بچہ سینٹر کی فعالیت کے لیے ہم نے چار نرسوں کی تعینات کی ہے اور جلد مزید گائنالوجسٹ اور دیگر خواتین عملے کی تعیناتی کرینگے تاکہ ہمارے عوام کو فوری اور دستیاب وسائل میں طبی امداد مل سکے ان خیالات کا اظہار ایم پی اے خاران ثناء بلوچ نے خاران ہیڈکواٹر ہسپتال کے دورےکے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقعے پر ڈی ایچ او خاران نے ثناء بلوچ کو محکمہ صحت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور ہسپتال کے لیے ڈینٹل چیئر مشین، دو ٹرک ادویات کی فراہمی پر خصوصی شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی مزید دو ڈئیلاسز مشین اور ایک ڈیجیٹل ایکسرے مشین کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا۔

ثناء بلوچ نے مزید کہا کہ لوگوں کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف کی کمی کو جلد پورا کیا جائیگا، دور دراز کے ڈسپینسریوں کو بھی مکمل فعال بنائینگے تاکہ دور دراز کی غریب مریضوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہوسکے اور انہیں مفت طبی سہولیات بروقت میسر ہوسکے۔