ایران : تین بلوچ عالم دین گرفتار

241

ایرانی فورسز نے تین سنی عالم دین کو گرفتار کرلیا ۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈسک کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق ایران کے صوبہ ہرمزگان کے شہر سیریک کے مضافات میں واقع ایک دینی مدرسہ پر چھاپہ مارتے ہوئے ایرانی فورسز  نے تین بلوچ علمائے کرام کو گرفتار کیا ہے۔


مقامی ذرائع کے مطابق  ایرانی فورسز  نے قلمویی بستی میں واقع مدرسہ تعلیم القرآن کو محاصرہ کرکے  مدرسے کے مہتمم مولوی ہاشم جعفرزادہ کے علاوہ مولوی احمد قلندری اور مولوی ایوب احمدی کو  گرفتارکرلیا ۔

فورسز  نے گرفتار بلوچ علما کے گھروں کی بھی تلاشی لی ہے اور ان کی بعض کتابوں کے علاوہ کمپیوٹر و دیگر ذاتی اشیاء کو اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔

دی بلوچستان پوسٹ کو مقامی زرائع سے ملنے والی  اطلاعات کے مطابق، مولوی احمد قلندری کو چند گھنٹوں کے بعد چھوڑدیا گیاہے۔ لیکن دیگر بلوچ عالم دین ابھی تک ایرانی فورسز کی تحویل میں ہیں۔ ان کی گرفتاری کی وجہ ابھی تک نامعلوم ہےاور نہ ہی  اس حوالے سے کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیاہے۔

واضح رہے کہ اس واقعے  کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ہرمزگان کے مشرقی اضلاع (جاسک، سیریک، میناب) کے سرکردہ علمائے کرام نے ضلع سیریک کے گورنر سے ملاقات کی ہے اور اپنے تحفظات کا اظہار کیاہے۔

مولانا راشد بندار نے گورنر سے بات کرتے ہوئے کہا ہے علمائے کرام اس واقعے کو اپنی توہین سمجھتے ہیں اور گرفتار علما کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ قلمویی کے مدرسہ تعلیم القرآن کا شمار صوبہ ہرمزگان کے ممتاز اور سرگرم دینی مدارس میں ہوتاہے۔

صوبہ ہرمزگان کے مشرقی اضلاع میں زیادہ تر آبادی بلوچوں کی ہے۔