نصیرآباد: مسلح افراد کی فائرنگ سے 6 افراد زخمی

70

نصیرآباد میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 6 افراد کو زخمی کر دیا، 3 کی حالت تشویشناک

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع نصیرآباد کے علاقے باری موڑ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 6 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے تین کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پٹ فیڈر کینال کی زیلی نہر باری موڑ پر گھات میں بیٹھے مسلح افراد نے آنے والی دو کاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں منجھو قبیلے کے تین بھائیوں اور باپ بیٹے سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔

اطلاع ملنے پر مقامی پولیس اور منجھو قبیلے کے افراد جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور تمام زخمیوں کو مقامی سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

زخمی ہونے والوں میں چئرمین یونین کونسل یار محمد، رضا محمد، نظر محمد،غلام صابر،محمد اکبر اور ارباب علی شامل ہیں جبکہ محمد اکبر، غلام صابر اور نظر محمد کو تشویشناک حالت میں اندرون سندھ منتقل کردیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زخمیوں نے بتایا کہ ہم ڈیرہ مراد جمالی سے عدالتی پیشی کے بعد اپنے علاقے آرہے تھے کہ باری موڑ پو گھات میں بیٹھے مسلح افراد نے ہم پر اندھا دھند فائرنگ کردی اور موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر موقع واردات سے فرار ہوگئے۔

منجھو شوری پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے جبکہ واقعے سے متعلق منجھو شوری پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ بتایا گیا ہے۔