تبدیلی کی تمام تر توانائیاں عوام پربوجھ بن کر پڑرہے ہیں – یونس عزیز زہری

250

منی بجٹ پیش کرکے عوام کے لئے مہنگائی کا طوفان برپاء کرنا قوم کی خیرخواہی قطعاً نہیں ہوسکتی ہے بلکہ یہ واضح طور پر عوام دشمنی ہے – جے یوآئی میر یونس عزیز زہری

جمعیت علماء اسلام کے رہنماء اور رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے خضدار میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام کے حوالے سے کوئی اچھی خبریں نہیں آرہی ہیں، موجودہ وفاقی حکومت کو اب محض چند ہفتے گزرے ہیں کہ ملک میں مہنگائی کا نہ رکنے والا طوفان امڈ آیا ہے، جس کا بوجھ براہ راست غریب پر پڑرہا ہے، یہ تبدیلی عوام کے لئے تبدیلی ثابت نہیں ہوئی بلکہ اس تبدیلی کی تمام تر توانائیاں عوام پربوجھ بن کر پڑرہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں 98 فیصد غریب رہتے ہیں اور پھر صوبہ بلوچستان کے لوگ خطِ غربت سے نیچے کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جن کے پاس آمدنی کا کوئی ذریعہ نہیں ہے ایسے موقع پر غریب پر مہنگائی کا بوجھ لادنا کہاں کا انصاف ہے؟ اس کا مطلب ہے کہ لوگوں کو جیتے جی مارنا اور انہیں فاقہ کشی سے دوچار کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر تبدیلی کی باتیں ہوئی تھی تو اس میں غریب عوام کے لئے آسانیاں پیدا کی جاتی عوام کو ریلیف دیاجاتا، منی بجٹ پیش کرکے عوام کے لئے مہنگائی کا طوفان برپاء کرنا قوم کی خیرخواہی قطعاً نہیں ہوسکتی ہے بلکہ یہ واضح طور پر عوام دشمنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے باتیں کی تھی کہ وہ امیروں سے ٹیکس لینے کے لئے بجٹ لارہی ہیں لیکن اب کوئی مارکیٹ سے جا کر اشیائے صرف کی قیمتیں معلوم کرلیں، مہنگائی امیروں پر پڑی ہے یا کہ اس سے سب سے زیادہ متاثر غریب ہوا ہے، اندازے سے بڑھ کے بے قابو مہنگائی بر پاء ہوئی ہے، جس کا بوجھ براہ راست غریب پر پڑا ہے۔ اس حکومت کے آتے ہی زیادہ دیر نہیں لگی بلکہ فوری طور پر حکومت کی حقیقت عوام کے سامنے آگئی اور لوگ سالوں اور مہینوں و ہفتوں کے بجائے دنوں میں اس حکومت سے مایوس ہونے لگے ہیں، آنے والے دنوں میں موجودہ وفاقی حکومت عوام کے لئے مذید مہنگائی کے اسباب پیدا کرنے والے ہیں جو کہ قوم کے لئے کوئی اچھی خبر نہیں ہے۔