ہرنائی: بی ایل اے نے قبضہ شدہ فوجی چوکیوں کی تصاویر جاری کردیں

1032

 

بلوچ لبریشن آرمی نے شاہرگ ہرنائی میں پاکستانی فورسز کی قبضہ شدہ چیک پوسٹوں کی تصاویر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری کردیں۔

دی بلوچستان پوسٹ سوشل میڈیا رپورٹر کے مطابق بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے سماجی رابطوں کے ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے آفیشل اکاونٹ سے دو تصاویر جاری کیں ہیں، جن میں بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرگ مشدری میں  پاکستانی فوجی چیک پوسٹوں پر قبضہ کرتے ہوئے دِکھایا گیا ہے۔

یاد رہے آج مذکورہ علاقے میں پاکستانی فورسز کے متعدد چوکیوں پر حملہ ہوا تھا، علاقائی ذرائع کے مطابق چوکیوں سے شعلے بلند ہوتے دیکھے جاسکتے تھے۔ بعد کے اطلاعات کے مطابق ان فوجی چوکیوں پر مسلح افراد نے قبضہ جمالیا ہے۔

تاہم اب بلوچ لبریشن آرمی نے دو تصاویر ٹوئیٹر پر جاری کرتے ہوئے ان قبضہ شدہ فوجی چوکیوں کو دِکھایا ہے۔

ان تصاویر میں سے ایک تصویر میں بی ایل اے کا ایک جنگجو فوجی چوکی کے سامنے فتح کا نشان بناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ جبکہ پشت میں فوجی چوکی سے شعلے بلند ہوتے دیکھے جاسکتے ہیں۔

دوسری تصویر میں دوسرے چوکی سے شعلے بلند ہوتے دیکھائی دے رہے ہیں۔

اپنے ایک ٹویٹ میں بلوچ لبریشن آرمی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں چار فوجی اہلکار مارے گئے ہیں اور متعدد زخمی ہیں۔ اور بھاری مقدار میں اسلحہ ضبط کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بی ایل اے نے مذکورہ علاقے میں دوسرے چیک پوسٹوں پر بھی تازہ حملے شروع کردیا ہے۔

واضح رہے بی ایل اے ایک بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیم ہے جو ایک آزاد بلوچستان کیلئے جدوجہد کا دعویٰ کرتی ہے۔ مذکورہ تنظیم فوج پر بہت سے مہلک حملوں میں ملوث رہا ہے۔