آواران: جھاؤ میں منشیات فروشی و ڈاکہ زنی کے خلاف مظاہرہ

388

مظاہرین نے انتظامیہ اور ذمہ داروں سے گھروں اور دکانوں میں ڈاکہ زنی کی وارداتوں کی روک تھام کا مطالبہ کیا

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے جھاؤ میں منشیات فروشوں اور گھروں میں ڈاکہ زنی کرنے والے گروہ کے خلاف علاقہ مکینوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق بروز جمعرات جھاؤ پریس کلب کے سامنے علاقہ مکینوں نے مظاہرہ کرتے ہوئے انتظامیہ اور ذمہ داروں سے منشیات فروشی، گھروں اور دکانوں میں ڈاکہ زنی کی وارداتوں کی روک تھام کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ جھاؤ میں منشیات فروشی و گھروں اور دکانوں میں ڈاکہ زنی کی وارداتیں معمول بن چکے ہیں جبکہ منشیات کے عام ہونے کی وجہ سے سینکڑوں کی تعداد میں نوجوان منشیات کےعادی ہوچکے ہیں اور اسی وجہ سے علاقے میں روزانہ کے بنیاد پر گھروں اور دکانوں میں ڈاکہ زنی معمول بن چکا ہے۔

اسی ہفتے جھاؤ کے علاقے واجہ باغ کے رہائیشی محمد اسحاق کے گھر میں ڈاکہ زنی کا واقعہ پیش آیا، ڈاکو گھر میں موجود بیس تولہ سونا سمیت گھرکے تمام قیمتی سامان لوٹ کر اپنے ساتھ لے گئے۔

مظاہرین نے الزام عائد کیا ہے کہ ان وارداتوں میں سلیم ولد لولو، منیر احمد ولد لالو اورغفور عرف جگو ولد نبی بخش ملوث ہیں اور یہ لوگ خیرجان اور علی حیدر محمد حسنی کے دست راست سمجھے جاتے ہیں جبکہ یہ افراد مبینہ طور پر ریاستی سرپرستی میں چلنے والے ڈیتھ اسکواڈ میں بھی شامل ہیں۔