کابل: خودکش حملہ، 22 سے زائد افراد جانبحق درجنوں زخمی

230

افغانستان کے دارالحکومت کابل کے اسپورٹس کمپلیکس کے اندر خودکش حملے کے نتیجے میں کم از کم 22افراد سے زائد جانبحق جبکہ درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کابل میں واقع اسپورٹس کمپلیکس کے ریسلنگ ٹریننگ سینٹر میں خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد جانبحق  ہو گئے۔

واقعے کے عینی شاہد ایک سوشل میڈیا صارف نے تفصیلات بتاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ خود کش بمبار نے کلب میں موجود محافظ کو قتل کرنے کے بعد خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

محمد حنیف نامی فیس بک صارف نے لکھا کہ خود کش بمبار نے خود کو ایسے مقام پر دھماکے سے اڑایا جہاں بڑی تعداد میں ایتھلیٹس موجود تھے جس سے بڑی تعداد میں لوگ ہلاک و زخمی ہوئے۔

تاحال کسی گروہ کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی تاہم ماضی میں عوامی مقامات پر داعش سمیت دیگر گروپس کی جانب سے حملے کیے جاتے رہے ہیں۔