مصر: فٹبال حکام کی محمد صلاح کی والدہ کو دھمکیاں

166

مصر فٹبال ایسوسی ایشن (ای ایف اے) کے اعلیٰ حکام نے محمد صلاح کی والدہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کردیں۔

دی ارب نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسٹار فٹبالر محمد صلاح بالمعروف ’مو صلاح‘ کی جانب سے ورلڈ کپ مہم کے دوران مصری ٹیم کی خراب کارکردگی پر ای ایف اے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

محمد صلاح کی تنقید پر مصری فٹبال ادارے کے اعلیٰ حکام خلید لطیف نے انہیں خبردار کیا تھا کہ ’وہ چاہے ملک میں موجود نہیں ہیں، لیکن ان کی والدہ مصر میں ہی موجود ہیں‘۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عربی زبان میں جاری کیے جانے والے اپنے ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں محمد صلاح کو یہ باور کروانا چاہتا ہوں کہ تمہاری والدہ مصر میں ہی ہیں، تم باہر ہو اور تمھارا جو دل چاہے وہ کرو۔ جنہیں سمجھنا تھا، سمجھ گئے‘۔

بعدِ ازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ کی جانب سے مذکورہ اکاؤنٹ کو بند کردیا گیا۔

محمد صلاح کے حوالے سے ٹوئٹ — فوٹو، اسکرین شاٹ

یاد رہے کہ حال ہی میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ 2018 میں مصر کی کارکردگی امیدوں کے برعکس انتہائی مایوس کن رہی۔

ورلڈ کپ مہم سے قبل مصر کو محمد صلاح کی وجہ سے فیوریٹ قرار دیا جارہا تھا، تاہم اسے اپنے تمام گرپ میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔