بی این پی عوامی کے مرکزی کال پر انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف بلوچستان کے دو مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرہ و ریلی ۔
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی صد ر اور سابق سینیٹر اسرار اللہ زہری کی کال پر مختلف شہروں میں عام انتخابات میں ہونے والے مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور ریلی نکالی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے سرحدی علاقے نوشکی میں بی این پی عوامی کے زیر اہتمام مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف پریس کلب نوشکی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرے سے بی این پی عوامی کے ضلعی آرگنائزر و سینٹرل کمیٹی کے ممبر ایوب بادینی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ۲۰۱۸ کے انتخابات میں بی این پی عوامی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا ۔
دوسری جانب ڈیرہ مراد جمالی میں مبینہ دھاندلی کے خلاف بی این پی عوامی کے زیرِ اہتمام احتجاجی ریلی اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا،احتجاجی ریلی شاہ پیٹرول پمپ سے نکالی گئی اور مرکزی بازار سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی، ریلی کے شرکاء سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ۲۰۱۸ کے عام انتخابات میں بی این پی عوامی کے مینڈیٹ کو چُرایا گیا، مظاہرے کے دوران شرکاء نے الیکشن کمیشن اور دھاندلی کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔