مکران میں بجلی بحران بدستور جاری

191

تربت سمیت مکران ڈویژن میں بجلی کے بحران کو کئی ہفتے گزر گئے مگر درستگی کے امکانات دور دور تک نظر نہیں آرہے، اس سال جون کے آخر میں ایران سے مکران کی سپلائی لائن بند کردی گئی جسے دو دن گزرنے کے بعد روزانہ رات کو تین سے چار گھنٹوں کے لیئے بحال کردیاگیا ۔

بجلی کی بحران کے بارے میں سرکاری حکام مختلف اوقات میں مختلف دعوے کرتے رہے لیکن ان کے تمام دعوے اب تک حقیقت کے برعکس ثابت ہوئے ہیں، عام صارفین پانچ ہفتے بعد بھی بحران سے متعلق صحیح صورتحال سے واقف نہیں ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کیچ نے مقامی میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے جولائی کی بیس تاریخ کا ڈیڈ لائن مقرر کتتے ہوئے درستگی کا دعوی کیا تھا جبکہ ان کے ساتھ ایکسیئن کیسکو آپریشن کیچ بنگل خان مری بھی تھے جنہوں نے بجلی کی بندش کا سبب ایران سے ٹیکنیکل فالٹ قرار دیا تھا۔

مکران میں بجلی کی حالیہ طویل بحران کے حل کے لیئے حکومتی سطح پر اب تک کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھاجارہا حتی کہ اس معاملے میں تاحال حکومتی سطح پر باضابطہ ایرانی حکا م سے رابطہ اور درستگی کی حتمی تاریخ طے نہیں کیا جاچکا ہے ۔

ہفتے قبل کمشنر مکران ڈویژن جاوید احمد شاہوانی نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایرانی حکام کے ساتھ بجلی کی بندش کے بارے میں بات ہوئی ہے لیکن اب تک سرکاری سطح پر ہمیں باضابطہ کوئی جواب نہیں ملا ہے اس لئے بحران کے خاتمے کی حتمی تاریخ پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

یاد رہے کہ جون کے آخر میں جب ایران کے جیکی گور گریڈ اسٹیشن سے مکران کو سپلائی کی جارہی سو میگاواٹ بجلی کی ترسیل اچانک بند کردی گئی تو مقامی حکام نے اسے فالٹ کہہ کر پہلے چند گھنٹوں اس کے بعد چند دنوں اور بعد ازاں ہفتے اور پھر 20جولائی تک درستگی کا ڈیڈ لائن دیا تھا لیکن ابھی تک بجلی کی بحالی کا عمل اپنی جگہ عوام کو اس کے بندش کی اصل وجوہات اور صحیح صورتحال کا اندازہ نہیں ہے ۔

مکران میں بجلی کی موجودہ طویل بحران کے باعث اس گرم تریں علاقے کے لوگوں کو روزمرہ معمولات میں سخت مشکلات کے ساتھ پانی جیسی بنیادی ضرورت کے حصول میں بھی بڑی دقت کا سامنا ہے لیکن بلوچستان حکومت سے لے کر کیسکو حکام اور مقامی انتظامیہ تک عوام کے مشکلا ت سے بے خبر ہیں ، حتی کہ  میڈیا میں بھی اہم ایشو پر خاموشی طاری ہے ۔

دوسر جانب سیاسی جماعتیں جو الیکشن کے زمانے میں کافی متحرک تھیں ان میں کسی جماعت نے بجلی جیسے اہم اور بنیادی نوعیت کے مسئلے کو لے کر سیاست نہیں کی اور نا اس معاملے میں کوئی وعدے وعید کیئے گئے حتی کہ خود شہریوں نے بھی حیران کن حد تک تمام گلے شکوؤں کے باوجود کسی انتخابی امیدوار یا سیاسی جماعت کو بجلی کی درستگی یا متبادل انتظامات کے لیئے آواز اٹھانے پر مجبور نہیں کیا۔

حالانکہ گذ شتہ زمانے میں مکران کو پسنی گریڈ اور پنجگور پاور ہاؤس سے بجلی سپلائی کی جاتی تھی اب بھی اگر تھوڑی سی کوشش کی جاتی تو ان دونوں اسٹیشن کو متباد ل کے طور پر چلایا جاسکتا تھا۔گذشتہ روز کیسکو چیف سے ایک نومنتخب رکن اسمبلی اور بلدیاتی نمائندے کی الگ لگ ملاقات میں ستمبر تک ایران سے بجلی کی درستگی کا ایک اور دعوی سامنے آیا ہے ۔