بی ایس او آزاد سی سی اجلاس، کونسل سیشن کے انعقاد کا فیصلہ

360

اکیسواں قومی کونسل سیشن بنام عزت بلوچ، لکمیر بلوچ اور اسیران آزادی منعقد کیا جائے گا۔ بی ایس او آزاد

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے مرکزی ترجمان نے اپنے جارہ کردہ بیان میں کہا کہ بی ایس او آزاد کی مرکزی کمیٹی کا پانچواں اجلاس مرکزی چیئرپرسن بانک کریمہ بلوچ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں تنظیمی رپورٹ، تنظیمی امور اور آئندہ کا لائحہ عمل کے ایجنڈے زیر بحث رہے اجلاس کا باقاعدہ آغاز شہدائے بلوچستان کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی سے کیا گیا مختلف ایجنڈوں پر سیر حاصل بحث کے بعد خطاب کرتے ہوئے مرکزی چئیرپرسن نے شہدائے بلوچستان اور اسیران آزادی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بی ایس او آزاد بلوچ نوجوانوں کے لئے امید و مستقبل کی علامت ہے۔

نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے چیئرپرسن نے کہا کہ بی ایس او آزاد کے کارکنان شہدا بلوچستان کے سیاسی وارث اور بلوچ قوم کے امیدوں کا محور ہیں جو سخت و مشکل ترین حالات میں بغیر کسی ڈروخوف کے ایک آزاد وطن کے لئے اپنے سے کئی گنا بڑی طاقت کا جوان مردی سے مقابلہ کررہے ہیں۔

چئیرپرسن نے مزید کہا ان تمام مشکلات و مصائب اور ان اعمال سے گزرنے کے باوجود ہمیں یہ بات ہر گز فراموش نہیں کرنی چاہئیے کہ ہمارے ساتھیوں کی شہادت اور زندان کی تکالیف کو برداشت کرنے کا مقصد ایک ایسے انسانی سماج کی تشکیل کے لئے ہے کہ جہاں انسان آزادی انصاف اور برابری کی بنیاد پر اپنی زندگی خوشحالی سے بسر کرسکیں آج ریاست اپنے ڈیتھ اسکواڈ، شدت پسند مذہبی گروہ کے ہمراہ بلوچ قوم کو شدید نقصانات سے دوچار کرنے کے لئے کریک ڈاؤن میں تیزی لائی ہوئی ہیں اور جدوجہد کو کمزور کرنے کے لئے ہر منفی پالیسی کو استعمال میں لا رہی ہے۔

چئیرپرسن نے کہا کہ آج اگر بلوچ قومی تحریک کمزور ہوا تو اسکی سب سے بڑی وجہ ہمارے اندرونی بے بنیاد اختلاف اور ناچاکی ہوگا اسکے علاوہ دنیا کی کوئی بھی طاقت ہمیں کمزور نہیں کرسکتی۔ آج ہمیں بحیثیت قوم اپنے مشترکہ مفادات کو مد نظر رکھ کر کہ مشترکہ جدوجہد کے لیے راہ ہموار کرنا ہے اور ایک آزاد و پرامن معاشرے کی تشکیل کرنا ہے۔

اجلاس کے آخر میں اکیسواں قومی کونسل سیشن بنام سیکرٹری جنرل عزت بلوچ، انفارمیشن سیکرٹری لکمیر بلوچ اور اسیران آزادی 1 تا 3 اگست کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ چئیرپرسن نے تمام کونسلران کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کو مزید متحرک و منظم کرنے کے لیے قومی کونسل سیشن میں بھر پور تیاری کے ساتھ شرکت کریں ۔